جعل سازوں سے بچنے کے لیے نادرا نے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد ( ویب ڈیسک) جعل سازوں سے بچنے کے لیے نادرا نے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق نادرا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ نادرا کے نام کے ساتھ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ، گروپس یا جعلی ویب سائٹس چلانے والوں سے ہوشیار رہیں۔ نادرا کے مطابق اس طرح کے جعل ساز عوام کو دھوکہ دینے کے مرتکب ہو رہے ہیں اور نادرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انکے خلاف کاروائی کر رہا ہے۔ شہریوں کے نام نادرا کے اہم پیغام میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر نادرا سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے جعلی پیجز، ویب سائٹس اور جعلی ایڈریسز سے ای میل اور میسجز بھیجنے والے جعلساز عناصر کی سرگرمیاں نادرا آرڈیننس سیکشن 28 اور 29 کے تحت جرم کے زمرے میں آتی ہیں جس پر 14 سال تک قید بامشقت اور دس لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ شہریوں سے التماس ہے کہ ان جعلساز عناصر کی اطلاع نادرا ہیلپ لائن پر دیں۔ پنی شناختی معلومات بلاضرورت کسی کو نہ بتائیں۔ اپنا شناختی کارڈ بطور ضمانت کسی کو نہ دیں۔ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی بحفاظت استعمال کریں۔ مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لئے نادرا کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کریں۔