وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کسان دوست پالیسی کے ثمرات، پنجاب میں پہلی مرتبہ ربیع سیزن میں کھاد وافر دستیاب، نرخ بھی نیچے آگئے، کسانوں کو مختلف پیکجز کے ذریعے زرعی آلات کی فراہمی جاری

لاہور ( ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کسان دوست پالیسی کے ثمرات، پنجاب میں پہلی مرتبہ ربیع سیزن میں کھاد وافر دستیاب، نرخ بھی نیچے آگئے، کسانوں کو مختلف پیکجز کے ذریعے زرعی آلات کی فراہمی جاری۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے کسان دوستی کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گندم کی کاشت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں ربیع سیزن میں کھاد وافر موجود ہے اور نرخ بھی نیچے آرہے ہیں۔ پنجاب بھر میں ڈی اے پی کھاد کا 30 فیصد سے زائد سٹاک دستیاب ہے اور پہلی مرتبہ گندم کے سیزن میں ڈی اے پی کھاد کے نرخ میں 17 فیصد کمی ہوئی ہے۔ یوریا کھاد کا ضرورت سے 125فیصد زیادہ سٹاک موجود ہے۔ پنجاب میں یوریا کھاد کے نرخ 25 فیصد نیچے آ گئے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا جس کے تحت بوائی کا 82 فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور 10 دسمبر تک گندم کی کاشت مکمل کر لی جائے گی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 3 لاکھ 26 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی پربھی گندم کی کاشت کی جارہی ہے۔ گندم کے کاشتکاروں کی معاونت اور رہنمائی کے لئے صوبہ بھرمیں 40 ہزار یونیورسٹی ایگری گریجوایٹ انٹرنز فیلڈ میں موجود ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف کی سکیم کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو مفت ایک ہزار گرین ٹریکٹرز اور ایک ہزار لینڈ لیولرز کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں گندم کی سٹوریج کپیسٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس میں وزیر زراعت اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، معاون خصوصی ثانیہ عاشق جبیں،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔