ایجوکیشن اتھارٹی میں مبینہ بے ضابطگیاں، وزیر تعلیم کا آڈیو پیغام وائرل۔ سپیشل انکوائری کمیٹی بنانے اور کرپشن میں ملوث افراد کو محکمے سے نکال پھینکنے کے عزم کا اظہار

بہاولنگر ( بیورو رپورٹ) ایجوکیشن اتھارٹی میں فرنیچر کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آنے پر وزیر تعلیم کا فورٹ عباس سے ن لیگی ایم پی اے کاشف نوید پنسوتہ کو کیا گیا آڈیو پیغام وائرل۔ سپیشل انکوائری کمیٹی بنانے اور کرپشن میں ملوث افراد کو محکمے سے نکال پھینکنے کے عزم کا اظہار۔ کاشف نوید پنسوتہ کرپشن مافیا کے خلاف ڈٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر میں ایڈیشنل گرانٹ میں مبینہ طور پر 50 کروڑ 70 لاکھ روپے ( بمطابق پروب انکوائری رپورٹ) میگا کرپشن کے چرچے کم نہیں ہوئے تھے کہ کلاس رومز کے فرنیچر خریدنے کی مد میں کروڑوں روپے کی مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آ گئی ہیں۔ ان بے ضابطگیوں کے خلاف ن لیگی ایم پی اے کاشف نوید پنسوتہ ڈٹ گئے ہیں۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے رابطہ کر کے فوری طور پر کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو پیغام میں سنا جا سکتا ہے کہ وزیر تعلیم اس معاملے میں سپیشل انکوائری کمیٹی بنانے اور کرپشن میں ملوث افراد کو محکمے سے نکال پھینکنے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔ کاشف نوید پنسوتہ نے ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے پیپرا رولز کو پس پشت ڈال کر کروڑوں روپے کا فرنیچر و دیگر سامان کی خریداری پر سوال اٹھائے۔