9 مئی واقعات کے 25 ملزمان کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنا دی گئیں۔ آئی ایس پی آر۔ فوجی عدالتوں سے اِن سویلینز کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے

نفرت، جھوٹ پر مبنی سیاسی بیانیے کی بنیاد پر فوجی تنصیبات بشمول شہدا کی یادگاروں پر منظم حملے کئے گئے اور اُنکی بیحرمتی کی گئی، ملوث ملزمان کیخلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کئے گئے، سزا پانے والے ملزمان کو تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے۔
راولپنڈی (ویب ڈیسک) 9 مئی واقعات کے 25 ملزمان کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنا دی گئیں۔ آئی ایس پی آر۔ فوجی عدالتوں سے اِن سویلینز کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ جن ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے ان میں جان محمد، عمران محبوب، راجہ محمد احسان، رحمت اللہ، انور خان،محمد آفاق خان، دائود خان، فہیم حیدر، زاہد خان، یاسر نواز، عبدالہادی، علی شان، عمر فاروق ،بابر جمال، محمد حاشر خان ، محمد عاشق خان، خرم شہزاد، محمد بلاول، سعید عالم، لئیق احمد، علی افتخار ، ضیا الرحمان، عدنان احمد، شاکر اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نو مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ پر تشدد واقعات پوری قوم کے لئے ایک شدید صدمہ ہیں۔ کسی کو بھی سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نفرت، جھوٹ پر مبنی سیاسی بیانیے کی بنیاد پر فوجی تنصیبات بشمول شہدا کی یادگاروں پر منظم حملے کئے گئے اور اُنکی بیحرمتی کی گئی، ملوث ملزمان کیخلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کئے گئے، سزا پانے والے ملزمان کو تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے۔