پولیس سٹیشن پر حملہ۔پولیس عوام کی محافظ یا خود غیر محفوظ؟. مقدمہ قتل میں زیر حراست تین حقیقی بھائی حوالات میں مخالفین کی فائرنگ سے قتل، کزن زخمی۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

آئی جی کے حکم پر ایس پی انوسٹی گیشن فیصل آباد اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ترجمان
فیصل آباد ( ویب ڈیسک) پولیس عوام کی محافظ یا خود غیر محفوظ، مقدمہ قتل میں زیر حراست تین حقیقی حوالات میں مخالفین کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ تینوں بھائی قتل، کزن زخمی۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سٹیشن تاندلیانوالہ کی حوالات میں بند تین حقیقی سگے بھائیوں کو مخالفین نے حوالات میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ مقتولین کا کزن زخمی ہو گیا۔ مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا۔ تینوں مقتول حقیقی بھائیوں بلال،عثمان،ناصر اور انکے کزن آصف کو تھانہ سٹی تاندلیانوالہ پولیس نے قتل و دہشتگردی کے مقدمہ میں گرفتار کیاتھا۔ ملزمان کی دیرینہ دشمنی کی وجہ اور محفوظ رکھنے کیلئے سٹی کی بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں بند کیا گیا تھا۔ آج صبح نامعلوم ملزمان تھانہ کی عقبی دیوار سے سیڑھی کے زریعے تھانہ میں داخل ہوئے اور حوالات پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سکھیرا برادری کے تین حقیقی بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ مقتولین کا کزن آصف نامی شدید زخمی ہوا۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی کے حکم پر ایس پی انوسٹی گیشن فیصل آباد اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ سی پی او کامران عادل فوری سینئر افسران اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے تھے۔