حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری بھاری جرمانے اور مقدمات

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری بھاری جرمانے اور مقدمات
گوجرہ(ویب ڈیسک) گوجرہ میں ممنوعہ اور مضر صحت اشیاء بیچنے والوں کے گرد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم کی گوجرہ میں بڑی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) عدنان حیدر کی سربراہی میں تحصیل آفس روڈ پر واقع پان شاپ پر چھاپہ بھاری مقدار میں ممنوعہ گٹکا برآمد اورملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ قائد اعظم روڈ پر واقع مشہور ڈیری اور میٹ شاپس کو بھی بند کر دیا گیا۔ ڈیری شاپ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بھی پائی گئیں، حشرات زدہ دودھ کی بوتلوں کو بھی موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ممنوعہ اور مضر صحت اشیائے خورد و نوش بیچنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری رہیں گی۔