فیک انرولمنٹ ختم کرنے پر عام معافی کا اعلان۔ سٹوڈنٹس کا ڈیٹا درست کرنے پر کسی کے خلاف کاروائی نہیں ہو گی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

محکمانہ کاروائی کے خوف کی وجہ سے اساتذہ سکول چھوڑ جانے والے بچوں کے نام خارج نہیں کرتے۔ حتیٰ کہ سکول چھوڑنے کے کئی سال بعد بھی سٹوڈنٹس کے نام سکول کے رجسٹرز اور آن لائن پورٹل پر موجود رہتے ہیں۔
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) فیک انرولمنٹ ختم کرنے پر عام معافی کا اعلان۔ سٹوڈنٹس کا ڈیٹا درست کرنے پر کسی کے خلاف کاروائی نہیں ہو گی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پنجاب کے سرکاری سکولوں کے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم میں سٹوڈنٹس کی تعداد غلط ہونے پر اسکی درستی کے لیے ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔ مگر اساتذہ کرام فیک انرولمنٹ ختم کرنے سے اس لیے گریزاں تھے کہ سٹوڈنٹس خارج کرنے سے محکمہ انکے خلاف کاروائی شروع کر دے گا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک سٹوڈنٹس خارج کرنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی۔ مگر مقررہ تاریخ کے بعد فیک انرولمنٹ پکڑی جانے کی صورت میں سخت کاروائی ہو گی۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے بعد ڈیٹا درستی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سرکاری سکولوں میں بچے کو خارج کرنے پر متعلقہ ٹیچر اور ہیڈ ٹیچر کے خلاف کاروائی کی جاتی ہے جس کے خوف کی وجہ سے اساتذہ سکول چھوڑ جانے والے بچوں کے نام خارج نہیں کرتے۔ حتیٰ کہ سکول چھوڑنے کے کئی سال بعد بھی سٹوڈنٹس کے نام سکول کے رجسٹرز اور آن لائن پورٹل پر موجود رہتے ہیں۔