سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کوالٹی ایجوکیشن کے لیے متحرک، غیر حاضر ٹیچرز اور ہیڈ ٹیچرز کے خلاف محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کر دئیے۔

گرلز ہائی سکول گلاب علی کی ہیڈ مسٹریس کو معطل کرنے کا حکم، ایلیمنٹری سکول ڈونگہ بشنوئیاں کے ہیڈ ماسٹر، دو ٹیچرز اور درجہ چہارم ملازم کو غیر حاضر پکڑ لیا۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کوالٹی ایجوکیشن کے لیے متحرک، گرلز ہائی سکول گلاب علی کی ہیڈ مسٹریس کو معطل کرنے کا حکم، ایلیمنٹری سکول ڈونگہ بشنوئیاں کے ہیڈ ماسٹر کو غیر حاضر پکڑ لیا۔ سخت محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر ڈاکٹر محمد اسحٰق کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلاب علی کے سرپرائز وزٹ کے دوران ہیڈ مسٹریس کی جانب سے غیر حاضر ٹیچرز کی لگائی گئی بوگس حاضری پکڑ لی۔ اتھارٹی کو دھوکہ دینے کی پاداش میں ہیڈ مسٹریس کو معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے اپنے دوسرے سرپرائز وزٹ کے دوران گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈونگہ بشنوئیاں کے غیر حاضر ہیڈ ٹیچر کو پکڑ لیا جو کہ بعد ازاں سکول میں پہنچ گئے۔ اسی سکول میں دو ٹیچرز بھی بغیر چھٹی منظور کروائے غیر حاضر پائے گئے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر نے ہیڈ ٹیچر اور اسی سکول میں کئی ماہ سے ڈیوٹی سے غائب درجہ چہارم کے ملازم کے خلاف کاروائی کے لیے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر کو حکم دے دیا۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کے سرپرائز وزٹس کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں تعلیم کا معیار بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات میں بھی بہتری آنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button