نئے تعینات ہونے والے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے سکولز کے سرپرائز وزٹ۔ مہاروالی کے بوائز اینڈ گرلز ہائی سکول میں مجموعی طور پر 30 سے زائد سٹاف ممبران کو غیر حاضر پکڑ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری سے وضاحت طلب

ہائی سکول بیروالہ میں عرصہ دراز سے بیرون ملک موجود ٹیچر کے بارے میں بھی وضاحت طلب کر لی۔ تعلیمی اور صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار۔
بہاولنگر (سیف الرحمن کلوکا سے) نئے تعینات ہونے والے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے سکولز کے سرپرائز وزٹ۔ مہاروالی کے بوائز اینڈ گرلز ہائی سکول میں مجموعی طور پر 30 سے زائد سٹاف ممبران کو غیر حاضر پکڑ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری سے وضاحت طلب۔ ہائی سکول بیروالہ میں عرصہ دراز سے بیرون ملک موجود ٹیچر کے بارے میں بھی وضاحت طلب کر لی۔ تعلیمی اور صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر میں نئے تعینات ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عطا محمد نے چارج سنبھالتے ہی سکولز کے سرپرائز وزٹ شروع کر دئیے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مہاروالی کے ہیڈ ماسٹر سمیت 15 سٹاف ممبران اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مہاروالی میں 16 سٹاف ممبران کو وزٹ کے موقع پر غیر حاضر پا کر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر سے وضاحت مانگ لی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری کو لکھے گئے لیٹر میں دونوں سکولز میں صفائی اور ناقص تعلیمی سرگرمیوں کی بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر نے گورنمنٹ ہائی سکول بیروالہ تحصیل بہاولنگر میں بھی ناقص تعلیمی سرگرمیوں اور صفائی ستھرائی کی صورت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہیڈ ٹیچر کو وارننگ جاری کی اور آئندہ صورتحال بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ گورنمنٹ ہائی سکول بیروالہ تحصیل بہاولنگر میں تعینات خاتون ٹیچر کے عرصہ دراز سے بیرون ملک جانے کا ریکارڈ پیش نا کرنے پر ہیڈ ٹیچر سے وضاحت طلب کر لی۔ اسی طرح گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول فاروق آباد میں بھی تعلیمی سرگرمیوں اور صفائی ستھرائی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہیڈ ٹیچر کو آئندہ کے لیے معاملات ٹھیک کرنے کی وارننگ جاری کر دی۔
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے سرپرائز وزٹس کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔