سابق سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر گرفتار۔ ایڈیشنل گرانٹ میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث گرفتار ملزمہ کو مجسٹریٹ نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کر دیا۔

کرپشن میں ملوث تمام کرداروں کو جیل میں بھیجنے تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کرپشن فری بہاولنگر مہم کا دائرہ کار دیگر محکموں میں ہونے والی کرپشن تک بڑھائیں گے۔آفتاب احمد خان جوئیہ ایڈووکیٹ
بہاولنگر (بیورو رپورٹ) ایڈیشنل گرانٹ میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث سابق سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر گرفتار۔ علاقہ مجسٹریٹ نے گرفتار ملزمہ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی خرد برد کے الزام میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر شاہدہ حفیظ، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ فنانس راشد جمیل، اکاؤنٹس آفیسر رفیق شاہد عباسی اور سابق کیشیئر عبدالرحمن شاہ سمیت متعدد اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سابق سی ای او ایجوکیشن شاہدہ حفیظ کو گزشتہ رات چشتیاں سے گرفتار کر لیا۔ آج اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گرفتار ملزمہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ ایڈیشنل گرانٹ میگا کرپشن سکینڈل کے حوالے سے اس بڑی گرفتاری کے بارے میں گلوبل نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف قانون دان، الیکشن 2024 میں بہاولنگر سے قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لینے والے میاں آفتاب احمد خان جوئیہ نے کہا کہ یہ بڑی پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث تمام کرداروں کو جیل میں بھیجنے تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کرپشن فری بہاولنگر مہم کا دائرہ کار دیگر محکموں میں ہونے والی کرپشن تک بڑھائیں گے۔