میونسپل کمیٹی کے سینکڑوں ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، بیمار بچے اور بزرگ علاج سے محروم

ملازمین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری، وزیر و سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی حالت زار پر رحم کریں اور تنخواہوں کی فوری چلت کا حکم دے کر تاخیر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کاروائی کریں۔
لیاقت پور)ابو ہریرہ علوی سے) میونسپل کمیٹی لیاقت پور کے سینکڑوں ملازمین کو کئی ماہ کی تنخواہیں چلت نہ ہو سکیں۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے، بیمار بچے اور بزرگ علاج سے محروم، گھریلو مشکلات میں اضافہ ہو گیا تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی لیاقت پور گزشتہ کئی سالوں سے مالی مشکلات کا شکار ہے۔ سینٹیشن برانچ کے 120 ملازمین کو دو جبکہ دیگر شعبوں کے 120 سے زائد ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہوں کی چلت نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ان کے معاشی و سماجی حالات ابتر ہو چکے ہیں۔ دکانداروں نے انہیں ادھار دینا بند کر دیا جبکہ بیمار بچوں اور بزرگوں کا علاج نہیں ہو پا رہا اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے ذمہ دار نے بتایا کہ 15 روز قبل 95 لاکھ روپے کا چیک موصول ہوا تھا جو محکمہ خزانہ رحیم یار خان کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک پاس نہیں ہو سکا محکمہ خزانہ کے اہلکار چیک دبا کر بیٹھے ہیں۔ ملازمین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری، وزیر و سیکرٹری بلدیات اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی لیاقت پور کے ملازمین کی حالت زار پر رحم کریں اور تنخواہوں کی فوری چلت کا حکم دے کر تاخیر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کاروائی کریں۔



