کچے سے نکل کر ڈاکو آبادیوں میں پہنچ گئے حکومتی رٹ کہاں گئی۔ ججہ عباسیاں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں المناک قتل پر تحصیل امیر جماعت اسلامی کا متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت

آئی جی پنجاب اس پر فی الفور نوٹس لیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ تحصیل امیر جماعت اسلامی ملک عبد الرشید اعوان
خان پور (نمائندہ خصوصی) کچے سے نکل کر ڈاکو آبادیوں میں پہنچ گئے حکومتی رٹ کہاں گئی ججہ عباسیاں میں انتہائی المناک سانحہ۔ ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر بے رحمانہ طریقہ سے قتل کر دیا۔ آئی جی پنجاب اس پر فی الفور نوٹس لیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ عبد الرشید اعوان۔ تفصیلات کے مطابق خان پور: کے علاقہ ججہ عباسیاں میں گزشتہ رات کچے کے خطرناک ڈاکوؤں اندھڑ گینگ نے بستی لشاری پر حملہ کر دیا اور ایک گھر میں گھس کر چار افراد کو گولیاں مار قتل کر دیا، مرنے والوں میں تین بھائی اور ایک چچا شامل ہیں۔ ڈاکو سرعام فائرنگ کرتے رہے ویڈیو بھی بناتے رہے علاقے میں انتہائی خوف ہراس پایا جاتا ہے۔ عبد الرشید اعوان امیر جماعت اسلامی تحصیل خان پور نے متاثرہ بستی میں اپنے وفد کے ہمراہ جاکر مقتولین کے خاندان سے تعزیت کی اس موقع پر اپنے بیان میں آ ر پی او اور ائی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں ، انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کہاں گئی حکومتی رٹ صرف سیاست دانوں اور شریف شہریوں کے لیے ہوتی ، انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یارخان میں ایک عرصے سے ڈاکو راج قائم ہے ، ڈاکو اب کچے سے نکل کر شہری آ بادیوں میں پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں بھی محفوظ نہیں ، ججہ عباسیاں میں ہونے والے اس المناک سانحہ پر انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس ضلع رحیم یارخان کی پولیس اس حوالے سے ناکام ہے۔ اس ساری صورتحال کے پیش نظر عوام الناس میں یہ خیال تقویت پکڑ رہا ہے کہ انتظامیہ کے اپنے اندر کچھ کالی بھیڑیں ہیں جو مبینہ طور پر ان کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کرتی ہیں اور یہ بھی کہنے والے کہتے ہیں کہ کچھ پولیس آفیسرز نے کچے میں رقبے لے رکھے ہیں اور ان کے مالی مفادات ان کچے کے ڈاکوؤں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئی جی پنجاب کو ان سارے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سارے معاملے کو خود دیکھیں کچہ پنجاب اور پاکستان کا حصہ ہے علاقہ غیر نہیں کہ جہاں انتظامیہ اپنی رٹ نہ بحال کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اپنے جوانوں کی بھی شہادتیں ہو چکی ہیں اس لیے اب یہ آ ئی جی پنجاب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کچے کے ڈاکوؤں کے ساتھ ساتھ اپنے اندر کی کالی بھیڑوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچائیں.