بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنے

کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جنہیں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی سخت ہدایت دی گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس تسلسل کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

بہاولنگر (طاہر کریم سے) وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کے چیئرپرسن بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین نے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر کے ہمراہ اوپن کچہری میں شرکت کی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔اوپن کچہری میں شہریوں نے ریونیو، پولیس، صحت، تعلیم، میونسپل سروسز، اور دیگر محکموں سے متعلق شکایات پیش کیں۔ بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین نے بیشتر مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ وہ مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا ہے۔ انہوں نے شفاف طرزِ حکمرانی اور فوری انصاف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اوپن کچہری میں موصول ہونے والی شکایات کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ ڈی پی او نے پولیس سے متعلق شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اوپن کچہری میں مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جنہیں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی سخت ہدایت دی گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس تسلسل کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button