ضلعی امیر جماعت اسلامی کے ارسلان خاکوانی کی پریس کانفرنس ” حق دو تحریک” چلانے کا اعلان

بہاولنگر( طاہر کریم سے) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ارسلان خان خاکوانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بہاولنگر ملک بھر میں گندم، کپاس اور رائس کی پیداوار کے حوالے سے نمایاں ہے، تاہم ضلع پسماندگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے گندم کا ریٹ 4 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اگر ریٹ مقرر نہیں کیے جاتے تو ضلعی و صوبائی بارڈر کی پابندیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھانے اور انہیں ٹیکس فری کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے کاشتکاروں کو اپنے حصے کا زرعی پانی میسر نہیں، اور وہ گزشتہ 30 سال سے 2 کیوسک پانی سے محروم ہیں۔ ارسلان خاکوانی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے قبل نواز شریف کی جانب سے سیم نالوں کی تجدید کے وعدے کو انکی بیٹی مریم نواز شریف پورا کرے۔
ارسلان خاکوانی کا کہنا تھا کہ گندہ پانی پینے کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، اس لیے پینے کے صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ جماعت اسلامی کی “حق دو بہاولنگر” مہم کے تحت 17 جنوری کو تحصیل سطح پر احتجاج کی کال دی۔ مزید برآں، 23 فروری کو مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن جلسہ عام سے خطاب کریں گے، اور 28 فروری کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button