میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر، ٹرینیں ایک سے 8 گھنٹے تاخیر کا شکار مسافر پریشان

کشمور(نیوز ڈیسک) میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث آج دسویں روز بھی ٹرین شیڈول بری طرح متاثر رہا، متعدد ٹرینیں ایک سے آٹھ گھنٹے تک لیٹ ہیں۔ میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، ٹرین شیڈول بری طرح متاثر ہے، ٹرینیں 8 گھنٹے تک کی تاخیر کا شکار ہیں، کراچی۔ سکھر۔ شکار پور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے آنیوالی اور جانیوالی ٹرینیں شدید دھند کی وجہ سے لیٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے آنے والی خیبر میل ایکسپریس 8 گھنٹے، ملت ایکسپریس 5 گھنٹے 35 منٹ، پاکستان ایکسپریس 4 گھنٹے 45 منٹ تاخیر کا شکار ہیں جبکہ پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ، رحمان بابا ایکسپریس 3 گھنٹے 25 منٹ، عوام ایکسپریس 3 گھنٹے 20 منٹ اور قراقرم ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ لیٹ ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ، جعفبایکسپریس ایک گھنٹہ 10 منٹ، گرین لائن ایکسپریس ایک گھنٹہ 20 منٹ لیٹ ہے جبکہ شالیمار ایکسپریس ایک گھنٹہ 10 منٹ، سرسید ایکسپریس، فرید ایکسپریس ایک ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہیں۔ ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، شہریوں نے شکایات کے ڈھیر لگادیئے ان کا کہنا ہے کہ پینے کو پانی، بیٹھنے کو بینچ اور صفائی بھی نہیں ہے۔ ریلوے حکام کہتے ہیں کہ کوشش کررہے ہیں کہ ٹرینوں کو بروقت روانہ کریں۔