گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس میں چوری کی واردات کا معاملہ الجھ گیا، کالج کے ملازم کے خلاف درج ہونے والے چوری کے مقدمہ پر سوالات اٹھ گئے

ملزم کے خاندان کا دعویٰ ہے کہ واقعہ کے روز ملزم فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں زیر علاج تھا
بھلوال (عامر رضا) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس میں چوری کی واردات کا معاملہ الجھ گیا، کالج کے ملازم کے خلاف درج ہونے والے چوری کے مقدمہ پر سوالات اٹھ گئے۔ ملزم کے خاندان کا دعویٰ ہے کہ واقعہ کے روز ملزم فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں زیر علاج تھا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس بھلوال میں 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب چوری کی واردات ہوئی تھی، جس میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ چوری کے وقوعہ کا مقدمہ کالج کے پرنسپل کی مدعیت میں ایک نامزد اور تین نامعلوم افراد کے خلاف 30 ستمبر کو تھانہ صدر بھلوال میں درج کیا گیا، جس میں ملزم کو چوری کرتے ہوئے یا چوری شدہ مال لے جاتے ہوئے دیکھنے کا ذکر نہیں۔ جبکہ نامزد ملزم اسی کالج میں بطور نائب قاصد تعینات ہے۔ جسے چوکیدار کے بیمار ہونے پر چوکیدار کی ڈیوٹی سونپی گئی۔ جو کہ ایک مشکوک عمل ہے۔ ایک طرف سابق پرنسپل کے دور سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس بھلوال میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں جو آج تک ٹھیک نہیں کروائے گئے تو دوسری طرف ماضی میں بھی اسی کالج میں ہونے والی چوری کا مقدمہ اسی نائب قاصد کے خلاف درج کروایا گیا تھا۔ لیکن تمام حالات و واقعات کے باوجود دوسری مرتبہ بھی متنازع شخصیت کے حامل نائب قاصد کو چوکیدار کی ڈیوٹی سونپی گئی، جو شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے۔ ملزم کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ سراسر غلط، جھوٹ، اور فرضی کہانی پر مبنی ہے، جو تھانہ صدر بھلوال میں تعینات اے ایس آئی کے ساتھ ساز باز کر کے درج کروایا گیا۔ کیونکہ وقوعہ کے روز نامزد ملزم فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں زیر علاج تھا اور اس بات کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ خاندانی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نامزد ملزم گزشتہ 11 دن سے حوالات میں ہے، اور اس کی طبیعت بھی ناساز ہے، تاہم پولیس علاج معالجہ کے لیئے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔