صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے تحصیل خیر پور ٹامیوالی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کا افتتاح کر دیا

صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے تحصیل خیر پور ٹامیوالی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کا افتتاح اور صفائی ستھرائی کی جدید مشینری کا معائنہ کیا
بہاول پور (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیزادہ نے کہا ہے کہ تحصیل خیر پور ٹامیوالی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کا آغاز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کا عکاس ہے اور خیر پور ٹامیوالی کے عوام کے لیے صفائی ستھرائی کی جدید سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا شاندار اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحصیل خیر پور ٹامیوالی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، اسسٹنٹ کمشنر خیر پور ٹامیوالی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، کمپنی افسران، سینیٹری سٹاف، کنٹریکٹرز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ خیر پورٹامیوالی، سینیٹری سٹاف اور عمائدین علاقہ موجود تھے۔صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے گاؤں،دیہات اور گلی محلوں میں رہنے والے لوگوں کو صفائی ستھرائی کی بنیادی سہولت کی فراہمی کے لیے گراں قدر اقدام اٹھایا ہے جس پر خیر پور ٹامیوالی کے عوام ان کے مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کے لیے نئی اور جدید گاڑیوں کی فراہمی اور منظم مانیٹرنگ کے عمل سے خیرپور ٹامیوالی میں موجود کوڑا کرکٹ کو مکمل طور پرصاف کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس صفائی ستھرائی کے حوالہ سے سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سیکٹر کی نجکاری کے ویژن سے ضلع بہاول پور میں ایک مضبوط اور مستحکم بلدیاتی نظام کا قیام عمل پذیر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خیرپور ٹامیوالی کے عوام کو صفائی ستھرائی کی جدید سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ خیر پور ٹامیوالی کے عوام ستھرا پنجاب منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کے عمل کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے۔ سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سیکٹر کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے نجکاری سے گاؤں اور دیہات میں رہنے والے عوام کو شہری سطح کی صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی اور صفائی سروسز کے آغاز سے تحصیل خیر پور ٹامیوالی کے رہائشیوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس سروس سے خیر پور ٹامیوالی کی 8 شہری یونین کونسلز اور 107 گاؤں و مضافاتی علاقوں کے رہائشی مستفید ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ خیر پور ٹامیوالی میں روزانہ کی بنیاد پر کوڑے کو بروقت اٹھانے کے لیے 167 آپریشنل فلیٹ پر مشتمل جدید گاڑیاں فیلڈ میں متحرک ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشنل گاڑیوں کی جدید VTMS سسٹم کے ذریعے نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔بعد ازاں صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیزادہ نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کے ہمراہ خیرپور ٹامیوالی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز اور مشینری کا افتتاح کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے ہمراہ مشینری کا معائنہ بھی کیا۔