پولیس کی دبنگ کاروائی، اراضی تنازع پر فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار

ڈی پی او نے کہا ہے کہ درندگی، وحشت اور سفاکیت پر کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی، تمام ملزمان کا ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اٹک(نیوز ڈیسک) جنڈ پولیس نے کارروائی کرکے اراضی تنازعہ پر تین افراد کو ناحق قتل اور دو کو مضروب کرنے والے 5 فرار ملزمان کو گرفتار کرکے 3 ملزمان کے قبضہ سے آلہ قتل برآمد کر کے اسلحہ آرڈیننس کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل جنڈ کے نواحی علاقہ چھپڑی میں چند دن قبل اراضی تنازعے پر فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو قتل اور دو افراد کو شدید زخمی کرنے والے 5 فرار ملزمان ڈرامائی انداز میں پولیس نے گرفتار کرلیے ہیں۔ 3ملزمان کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ڈی۔پی۔او اٹک سردار غیاث گل خان نے کامیاب کاروائی پر ایس۔ایچ۔او تھانہ جنڈ طاہر بشیر اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم چاہے کتنا ہی شاطر یا چالاک کیوں نہ ہو قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا ہے۔ درندگی، وحشت اور سفاکیت پر کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی، تمام ملزمان کا ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔