پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع بہاول نگر کے زیر اہتمام عظیم الشان “الکریم سحر و افطار دسترخوان” کا آج باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں جماعتی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

بہاول نگر(سیف الرحمن سے) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع بہاول نگر کے زیر اہتمام عظیم الشان “الکریم سحر و افطار دسترخوان” کا آج باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پُروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جماعتی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں معروف سماجی شخصیت پروفیسر شفیق صاحب اور مشتاق کمبوہ صاحب نے خصوصی شرکت کی اور الکریم سحر و افطار دسترخوان کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی اس فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم عمل ہے، جو رمضان المبارک کے اصل مقصد ایثار، قربانی اور خدمتِ خلق کی عکاسی کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع بہاول نگر کے جنرل سیکرٹری حافظ امیر حمزہ رافع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری سیاست خدمتِ انسانیت ہے، اور رمضان المبارک ہمیں ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ الکریم سحر و افطار دسترخوان کے ذریعے ہم مستحق افراد کی مدد کر رہے ہیں تاکہ کوئی روزہ دار بھوکا نہ رہے اور ہر شخص اس بابرکت مہینے میں پرسکون روزہ افطار کر سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “نہ صرف افطاری بلکہ سحری کا بھی خصوصی بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔” پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور رمضان المبارک میں روزہ داروں کو سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ دسترخوان پر معیاری اور صاف ستھری خوراک فراہم کی جا رہی ہے، اور پارٹی کے رضاکار اس کارِ خیر میں بھرپور جذبے کے ساتھ شریک ہیں۔
تقریب کے دوران پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور دسترخوان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہا اور پارٹی قیادت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
الکریم سحر و افطار دسترخوان نہ صرف عوامی مقامات پر لگایا جا رہا ہے بلکہ بہاول نگر سٹی کے 16 ہاسٹلز، سرکاری و نجی اسپتالوں میں بھی سحری اور افطاری پہنچانے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، تاکہ وہاں مقیم طلبہ، مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بھی اس خدمت سے فائدہ پہنچے۔
افتتاحی تقریب میں شریک شہریوں اور مستحق افراد نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی اس کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے حقیقی خدمتِ خلق کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔ پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے فلاحی اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button