امید کا چراغ

امید کا چراغ

زندگی کا سفر ہمیشہ ہموار نہیں ہوتا۔ کبھی خوشیوں کی بہار تو کبھی غم کے بادل، کبھی کامیابی کے جشن تو کبھی ناکامی کے صدمات، یہ سب زندگی کا حصہ ہیں۔ مگر ایسے مشکل حالات میں بھی انسان کو آگے بڑھنے اور خود کو سنبھالنے کی جو طاقت ملتی ہے، وہ امید ہے۔ امید وہ روشنی ہے جو اندھیرے میں بھی راستہ دکھاتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ مشکلات ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتیں۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ رات جتنی بھی طویل ہو، صبح ضرور ہوگی، اور ہر پریشانی کے بعد آسانی آتی ہے مشکل حالات میں امید کی اہمیت انمول ہے۔ یہ انسان کو جینے کی ایک وجہ فراہم کرتی ہے اور اسے مایوسی کے دلدل میں گرنے سے بچاتی ہے۔ امید نہ صرف ذہنی سکون کا باعث بنتی ہے بلکہ انسان کو عمل کرنے کی تحریک بھی دیتی ہے۔ یہ یقین کہ حالات بدل سکتے ہیں اور زندگی میں بہتری آ سکتی ہے، انسان کو ہار نہ ماننے کی طاقت عطا کرتا ہے۔امید کے بغیر زندگی بوجھ لگنے لگتی ہے، لیکن امید رکھنے والا شخص جانتا ہے کہ وقت کے ساتھ حالات بدلیں گے۔ یہ وہ طاقت ہے جو مشکل وقت کو برداشت کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے اور ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ ہماری محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مشکل حالات میں امید کیسے برقرار رکھی جائے؟مشکل حالات میں بھی امید کا دامن تھامے رکھنا آسان نہیں ہوتا، مگر یہ ناممکن بھی نہیں۔ امید کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی زندگی کے چند پیمانے مقرر کرنا ہونگے جیسا کہ مثبت سوچ اپنائیں:منفی خیالات انسان کو اندر سے کمزور کر دیتے ہیں۔ اس لیے اپنی سوچ کو مثبت رکھیں۔ برے وقت کو زندگی کا عارضی حصہ سمجھیں اور خود کو یاد دلائیں کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔اسی ضمن میں آپ مثالوں سے بھی سیکھ سکتے ہیں دنیا میں ایسے بے شمار لوگ ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود کامیابی حاصل کی۔ ان کی کہانیاں پڑھیں اور ان سے سبق حاصل کریں۔ یہ آپ کے لیے حوصلے کا ذریعہ بنیں گی۔اس کے علاوہ سب سے بڑھ کر شکر گزاری کو اپنائیں قرآن پاک میں بھی اس پر زور دیا گیا ہے کہ شکر کرنے والے کو مزید سے نوازا جاتا ہے۔اپنی زندگی میں موجود نعمتوں پر غور کریں اور ان کے لیے شکر ادا کریں۔ یہ عمل نہ صرف دل کو سکون دیتا ہے بلکہ مایوسی کو بھی دور کرتا ہے۔اس بعد ہم بات کرتے ہیں صحبت کی نفسیات کی ایک تحقیق کے مطابق انسان اپنے اردگرد کے پانچ لوگوں کا مجموعہ ہوتا ہے ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں جو مثبت سوچ رکھتے ہیں اور آپ کو حوصلہ دیتے ہیں۔ ان کی باتیں آپ کے اندر نئی توانائی پیدا کریں گی۔اپنی زندگی کے مقاصد طے کریں اور عمل شروع کریں چھوٹے چھوٹے مقاصد بنائیں اور ان پر عمل کریں۔ کامیابی کے چھوٹے قدم بھی انسان کے اندر امید کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔عمل کے ساتھ ساتھ اللہ پاک پر بھروسہ بڑہ اہمیت کا حامل ہے مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں کبھی ہماری طاقت سے زیادہ آزمائش میں نہیں ڈالتا۔ دعا اور عبادت کے ذریعے اپنے رب سے مدد طلب کریں اور یقین رکھیں کہ وہ آپ کی مشکلات کو آسان کرے گا۔ اللہ پر بھروسہ رکھنے والا انسان کبھی مایوس نہیں ہوتا کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ہر آزمائش کے پیچھے اللہ کی حکمت ہے۔مشکل حالات زندگی کا ایک حصہ ہیں، مگر یہ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔ امید کی کرن نہ صرف ہمیں ان حالات سے نکلنے کا راستہ دکھاتی ہے بلکہ ہمیں ایک بہتر اور خوشحال زندگی کے لیے تیار بھی کرتی ہے۔ اپنے دل میں یہ یقین رکھیں کہ زندگی میں آنے والے یہ اندھیرے وقتی ہیں اور جلد ہی روشنی کا سورج طلوع ہوگا۔ یاد رکھیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔
امید وہ سہارا ہے جو انسان کو جینے کی طاقت دیتا ہے۔ اسے کبھی نہ چھوڑیں اور ہمیشہ بہتر کل کے لیے دعا اور عمل کرتے رہیں خادم کو اجازت دیجئے اللہ نگہبان۔

Back to top button