وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈز کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد۔ 154 کامیاب لائیو سٹاک فارمرز میں کارڈز تقسیم کئے گئے

مویشی پال کسان بھائیوں کو اس سکیم سے بھرپور فائدہ حاصل کرتے ہوئے لائیو سٹاک فارمنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہیے۔ اسسٹنٹ کمشنر
منڈی بہاؤالدین(بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی کے احکامات ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاءالدین ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ کی زیر نگرانی ٹی ایم ہال ملکوال میں وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈز کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر ملکوال محمد ریاض اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملکوال ڈاکٹر شیخ وقاص احمد نے کی۔ تقریب میں ڈاکٹر امجد روف اور ڈاکٹرشمریز الرحمن نے اس سکیم بار ے اہلیت، قواعد و ضوابط، اغراض و مقاصد اور معاشی فوائد بارے شرکاءکو تفصیلی آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ملکوال محمد ریاض نے پنجاب میں لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے اجرا کوایک اہم سنگ میل قرار دیا اور حکومت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے میرٹ پر کامیاب ہونے والے فارمرز کو مبارک باد پیش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ مویشی پال کسان بھائیوں کو اس سکیم سے بھرپور فائدہ حاصل کرتے ہوئے لائیو سٹاک فارمنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملکوال ڈاکٹر شیخ وقاص احمد نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت کامیاب ہونے والے154 فارمرز کو ایک لاکھ 35 ہزار سے دو لاکھ ستر ہزارفی کس بلا سود قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے۔جس سے مویشی پال حضرات معیاری خوراک ونڈا اور منرل مکسچر خرید سکیں گے۔جس سے نہ صرف ان کی پیداوار اورآمدن میں اضافہ ہوگابلکہ ملک میں گوشت کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔سکیم کے لیے حکومت پنجاب نے 20 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر رکھی ہے۔