گندم کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور بہترین پیداوار کے حصول سے آگاہ کرنے کے لئے سیمینار کا انعقاد

سینئر زراعت آفیسر نے کاشتکاروں کو کینولہ کی پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کی جبکہ زراعت آفیسر ڈیرہ بکھا نے کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا۔ سیمینار میں کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
بہاول پور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) گندم کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور بہترین پیداوار کے حصول سے آگاہ کرنے کے لئے چک نمبر 12 بی سی بہاول پور میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ گندم کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ضلعی اور صوبائی سطح پر پیداواری مقابلہ جات منعقد کرائے جارہے ہیں۔ان مقابلہ جات میں صوبائی سطح پر جیتنے والوں کو ٹریکٹرز جبکہ ضلعی سطح پر جیتنے والے کاشتکاروں کو نقد انعامات دئیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار گندم کی فصل کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں اور کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20 تا 25 دن بعد جبکہ دھان کے بعد کاشتہ گندم کو 35 تا 45 دن بعد لگائیں۔نیز گندم کو بقیہ نائٹروجن پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ برابر اقساط میں استعمال کریں جبکہ ریتلے علاقوں میں تین برابر اقساط میں ڈالیں کیونکہ ایسی زمینوں میں اس کے ضائع ہونے کا احتمال زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریتلی زمینوں میں پہلا پانی لگانے کے بعد نائٹروجنی کھاد کا استعمال تر وتر میں کریں اورجہاں فاسفورسی کھاد نہیں ڈالی گئی وہاں پہلے پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، لیزر لیولرز اور سولر ٹیوب ویلز جیسی سہولیات مہیا کر رہی ہے۔اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع نے کاشتکاروں کو متوازن کھادوں کے استعمال اور جڑی بوٹیوں کے بروقت تدارک سے گندم کی بہتر پیداوارکے حصول کے حوالہ سے آگاہی دی۔ سینئر زراعت آفیسر نے کاشتکاروں کو کینولہ کی پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کی جبکہ زراعت آفیسر ڈیرہ بکھا نے کاشتکاروں کو گندم کی جدیدپیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا۔ سیمینار میں کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔