بااثر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور ہیڈ ٹیچر کی ملی بھگت۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مثالی منصوبے ای سی سی ای کے لیے تعینات کی گئی “کیئر گیور” کی ایک سال کی تنخواہ ہڑپ کرنے کی کوشش

کیئر گیور کی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے سامنے کی گئی فریاد بھی بے سود۔ تنخواہ دینے کی بجائے کیئر گیور کی تعیناتی پر سوال اٹھا دیا گیا
بہاولنگر ( ایجوکیشن رپورٹر) بااثر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور ہیڈ ٹیچر کی ملی بھگت۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مثالی منصوبے ای سی سی ای کے لیے تعینات کی گئی “کیئر گیور” کی ایک سال کی تنخواہ ہڑپ کرنے کی کوشش۔ کیئر گیور کی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے سامنے کی گئی فریاد بھی بے سود۔ تنخواہ دینے کی بجائے کیئر گیور کی تعیناتی پر سوال اٹھا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل بہاولنگر میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ اس قانون کے مطابق جس کے پاس طاقت ہے اسی کی بات سنی جاتی ہے۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری سکولوں میں داخلہ لینے والے بچوں بالخصوص چھوٹی عمر کے بچوں کے لیے عالمی معیار کے مطابق ای سی سی ای رومز قائم کیے۔ ان رومز کے لیے قیمتی فرنیچر ، لائبریری بکس اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ای سی سی ای کٹس بھی فراہم کی گئیں۔ چھوٹی عمر کے بچوں کو سنبھالنے اور ٹیچر کی مدد کے لیے کیئر گیورز کی تعیناتی کی گئی۔ مگر نااہل افسران نے اس مثالی منصوبے کو ناکام کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ گورنمنٹ پرائمری سکول کوٹ ہیمراج تحصیل بہاولنگر میں ہیڈ ٹیچر نے مئی 2024 میں مقامی لڑکی کو بطور کئیر گیور تعینات کیا۔ سکول کے ٹیچرز حاضری رجسٹر کے مطابق کیئر گیور کی 18 مئی 2024 سے حاضری لگوائی گئی۔ کئیر گیور لڑکی نے اپنی زمہ داری احسن طریقے سے نبھائی۔ کئیر گیور نے اپنی تنخواہ کا مطالبہ کیا تو ہیڈ ٹیچر نے ٹال مٹول سے کام لیا اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سے کئیر گیور کی تنخواہ ادائیگی بابت ہدایات مانگیں مگر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ایک سال مکمل ہونے پر جب کئیر گیور اپنی تنخواہ کا مطالبہ لیکر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل بہاولنگر کے پاس حاضر ہوئی تو متعلقہ ٹیچر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نے کیئر گیور سے کہا کہ آپ کی تو تعیناتی کے آرڈرز ہی نہیں ہیں بلکہ آپ کو سابقہ ہیڈ ٹیچر نے زبانی رکھا تھا۔ واضح رہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نے ہر پرائمری سکول کے ہر ماہ میں دو وزٹ لازمی کرنے ہوتے ہیں۔ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نے ہر وزٹ کے دوران کئیر گیور کی حاضری چیک کی۔ تعیناتی کے بغیر حاضری رجسٹر پر نام کیسے لکھا گیا اور پورا سال حاضری لگانے کی اجازت کس نے دی۔ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے ایک اہلکار نے ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سکولز کا وزٹ کرنے کی بجائے ایک ہی جگہ پر رجسٹر منگوا کر سائن کر دیتے ہیں۔ اس اہلکار نے مزید بتایا کہ موصوف اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سرعام یہ کہتے پائے جاتے ہیں کہ منسٹر صاحب سے ہماری رشتہ داری ہے مجھے ڈیوٹی کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
کئیر گیور کی شکایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کوئی کاروائی نہیں کی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو چاہئیے تھا کہ ہیڈ ٹیچر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی انکوائری کرتے کہ تعیناتی کے بغیر ایک سال تک کئیر گیور کی حاضری کیوں لگوائی اور پورا سال اس سے ڈیوٹی کا قانون کے تحت کروائی۔
سیاسی ، سماجی و صحافتی حلقوں نے تحصیل بہاولنگر میں ایجوکیشن جیسے اہم ڈیپارٹمنٹ میں جنگل کے قانون کے نفاذ پر سخت پریشانی کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر تعلیم پنجاب ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ، کمشنر بہاولپور ، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ضرورت مند کئیر گیور کی پورے سال کی تنخواہ ادا کی جائے اور ہیڈ ٹیچر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کو کیئر گیور کو نوکری سے فارغ کرنے سے روکا جائے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔