اکاؤنٹس آفس کے ملازم کی غنڈہ گردی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر کے ساتھ بدتمیزی، دھمکیاں اور کمرے سے نکل جانے کا حکم، ڈی ای او ایلیمنٹری کی تحریری شکایت۔

ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے ملازمین ، کلرکس ایسوسی ایشن اور ٹیچرز یونین کی جانب سے اکاؤنٹس آفس کے اہلکار کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کی اہلیہ کی غیر قانونی پروموشن پر ہونے والی انکوائری وجہ عناد بتائی جا رہی ہے۔
بہاولنگر (سیف الرحمن کلوکا سے) اکاؤنٹس آفس کے ملازم کی غنڈہ گردی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر کے ساتھ بدتمیزی، دھمکیاں اور کمرے سے نکل جانے کا حکم، ڈی ای او ایلیمنٹری کی تحریری شکایت۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر کے ساتھ اکاؤنٹس آفس کے اہلکار رضا ادریس نے بدتمیزی کی۔ انکے بل پاس کرنے کی بجائے انہی دھمکی دی کہ اگر یہ بل پاس ہو گئے تو میرا نام بدل دینا، رضا ادریس نامی اہلکار نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر کو اپنے کمرے سے نکل جانے کا بھی حکم دیا۔ اکاؤنٹس آفس کے اہلکار کے نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے خلاف شکایت کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر راؤ عبدالصمد سے ملاقات کی مگر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر نے فوری طور پر ایکشن لینے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر نے خط لکھ کر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو اپنی شکایت بھجوا دی ہے جس میں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر رضا ادریس کو فوری طور پر تبدیل کرنے اور محکمانہ کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے اہلکار کی جانب سے ایجوکیشن اتھارٹی کے ضلعی آفیسر کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکیاں دینے پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین ، کلرکس ایسوسی ایشن اور ٹیچرز یونین نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر ریاض احمد مہار نے گلوبل نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے اہلکار کا ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کے ساتھ اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اگر اس اہلکار کو فوری طور پر تبدیل کر کے محکمانہ کاروائی نا کی گئی تو ہم ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور ایجوکیشن اتھارٹی کے ضلعی افسر کی بے توقیری کرنے پر غنڈے اہلکار کو تبدیل کریں۔
یاد رہے کہ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کے میگا کرپشن سکینڈل میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس بہاولنگر کے افسران اور اہلکار بھی شامل تھے مگر ایک سال گزرنے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ اتنے بڑے سکینڈل میں کاروائی نا ہونے پر اکاؤنٹس آفس کے اہلکار سائلین حتیٰ کہ افسران کو بھی کیڑے مکوڑے سمجھنے لگے ہیں۔
ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر کے بلز پاس نا کرنے کے پیچھے اکاؤنٹس آفس کے افسران کا ہاتھ ہے۔ ایجوکیشن آفس کے ایک کلرک نے اپنا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر بہاولنگر کی اہلیہ کی غیر قانونی پروموشن کے حوالے سے ایک انکوائری ہو رہی ہے۔ جس میں اکاؤنٹس آفیسر اپنی اہلیہ کی غیر قانونی پروموشن کو جائز قرار دلوانا چاہتے ہیں مگر میرٹ پر فیصلہ انکے خلاف ہی بنتا ہے۔ اپنے حق میں انکوائری کا فیصلہ کروانے کے لیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر خود سامنے آئے بغیر اپنے چیلوں کے ذریعے ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عوامی ، سیاسی و سماجی حلقوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اکاؤنٹس آفس کے اہلکار رضا ادریس کو فوری طور پر معطل کر کے اس کے خلاف غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کروائی جائے اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے ملازمین کی ٹریننگ کروائی جائے جس میں سائلین سے تمیز اور اخلاق سے پیش آنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اکاؤنٹس آفس کے اہلکار رضا ادریس کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا کلرک بل لیکر میرے پاس آیا جو کہ قوانین کے مطابق نا تھے اس لیے میں نے اعتراض لگا دیا۔ اس پر کلرک نے میرے ساتھ بدتمیزی کی اور میرے خلاف جھوٹے الزامات لگائے۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔