میونسپل کمیٹی بہاولنگر کا کارنامہ، زندہ شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا۔

جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی ذریعے جائیداد ہتھیانے کا شک و شبہ۔ متاثرہ شہری کی ڈپٹی کمشنر کو دی گئی درخواست سرد خانے کی نظر۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
بہاولنگر (سیف الرحمن سے) میونسپل کمیٹی بہاولنگر کا کارنامہ، زندہ شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ میرا قیمتی پلاٹ اور رہائشی مکان ہتھیانے کے لیے نامعلوم فراڈیے گروہ نے میونسپل کمیٹی کے ملازمین کے ساتھ ملی بھگت سے میرا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کروایا۔ متاثرہ شہری۔ ڈپٹی کمشنر کو دی گئی درخواست سرد خانے کی نظر کر دی گئی۔ متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا۔ وزیراعلی پنجاب سے بھی فوری نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی بہاولنگر کے اہلکاروں نے محلہ نظام پورہ کے رہائشی ذیشان رفیق نامی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جبکہ ذیشان رفیق زندہ ہے۔
متاثرہ شہری کی جانب سے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک میڈیسن کمپنی میں پرائیویٹ ملازم ہے اور اس کے کے نام پر نیو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی بہاولنگر میں پانچ مرلے اور 35 سرساہی کا پلاٹ اور محلہ نظام پورہ بہاولنگر میں دو مرلہ کا مکان ہے۔ جو کہ خرید کردہ ہے سائل کے والدین سائل سے علیحدہ رہائش پذیر ہیں۔ سائل شادی شدہ ہے اور اپنے بیوی بچوں کے ساتھ اپنے ملکیتی مکان واقع ہارون آباد روڈ مکان نمبر 35 محلہ نظام پورہ غربی بہاولنگر میں رہائش پذیر ہے۔ سائل کے علم آیا ہے کسی نا معلوم شخص نے بلدیہ بہاولنگر کے اہلکار سیکرٹری یونین کونسل نمبر 4 کے ساتھ ساز باز کر کے سائل کا جعلی ڈیتھ سرٹیفیکیٹ تیار کروا لیا ہے جبکہ سائل زندہ وحیات موجود ہے۔ سائل بائیو میٹرک ویری فیکیشن کے سلسلہ میں نادرا دفتر بہاولنگر آیا تو سائل کو معلوم ہوا کے اس کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بمطابق ریکارڈ نادرا نمبری D4000281410017 اور سرٹیکیٹ نمبری TID #40002810005716 سیکرٹری یونین کونسل نمبر 4 نے جاری کر دیا ہے۔ سائل کو خدشہ ہے کہ سائل کا جعلی ڈیتھ سرٹیفیکیٹ سائل کو مردہ ڈیکلیئر کر کے صرف اور صرف سائل کی پراپرٹی ہتھیانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ شہری نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے استدعا کی کہ سیکرٹری یونین کونسل نمبر 4 اور متعلقہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ مگر دو ہفتے گزرنے کے باوجود اس کی درخواست پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ گلوبل نیوز اردو کو متاثرہ شہری کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی درخواست کی فراہم کی گئی کاپی میں زندہ سلامت شہری کا مقام وفات الائیڈ ہسپتال فیصل آباد لکھا گیا ہے جبکہ موت کی وجہ بخار بتائی گئی ہے۔ درخواست فارم پر جنازہ پڑھانے اور تدفین کرنے والوں کے نام بھی لکھے گئے ہیں۔ درخواست فارم سرکاری سکول کے ٹیچر سے تصدیق شدہ ہے۔
متاثرہ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ سے اپیل کی ہے کہ جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کے لیے پولیس سے بھی رجوع کر لیا۔
مؤقف جاننے کے لیے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ اہلکار ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بہاولنگر اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔