پیف سکولز کی بلڈنگ کے لئے جاری نئے نوٹیفکیشن کو فوری واپس لیا جائے، 15 دنوں میں سکول کی بلڈنگ کی نئی بلڈنگ میں تبدیلی کا حکم ناقابل عمل ہے۔ ضیاء السلام زاہد قریشی

پیف منیجمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پارٹنرز سکولز کو ساتھ لے کر چلے اور کسی بھی قسم کی پالیسی تبدیلی کے فیصلہ سے قبل پیف پارٹنرز سکولز کو اعتماد میں لے تاکہ معیاری تعلیم کا یہ سفر جاری رہے۔
ڈیرہ غازی خان ( ایجوکیشن رپورٹر) پیف سکولز کی بلڈنگ کے لئے جاری نئے نوٹیفکیشن کو فوری واپس لیا جائے ، 15 دنوں میں سکول کی بلڈنگ کی نئی بلڈنگ میں تبدیلی کا حکم ناقابل عمل ہے وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پیف کے آئے روز جاری ہونے والے سرکلرز پر ایکشن لیں اور انہیں واپس کرنے کے احکامات جاری کریں ، ان خیالات کا اظہار ضیاء السلام زاہد قریشی نے پارٹنرز سکولز کے ایک ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوتے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 20 جنوری کو وزیر اعلی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان کے دورہ پر ان سے ملاقات کرنے کی کوشش کی جائے گی اور انہیں پیف پارٹنرز کے مطالبات پیش کئے جائیں گے تاکہ مسائل حل ہوسکیں۔ اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے کے حوالے سے متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ کر کے ملاقات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چند روز قبل اپنے پارٹنر سکولز کےلئے نئے رولز پر مشتمل ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں انہیں پابند کیا گیا ہے کہ وہ پندرہ مرلے کے کم از کم رقبہ کی عمارت میں فوری طور پر شفٹ ہوں ورنہ سکولز کے پیف سے الحاق کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیف پارٹنرز سکولز مالکان کا کہنا تھا کہ ہم پیف کے دست و بازو ہیں ہم نے اپنی ساری توانائیاں پیف کے معیار کو بہتر کرنے اور معیاری تعلیم دینے پر صرف کی ہیں۔ آج حکومت پنجاب پیف سکولز کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے پیف منیجمنٹ کو سرکاری سکولز حوالے کررہی ہے۔ پیف منیجمنٹ کو چاہئے کہ وہ اپنے سابقہ پیف پارٹنرز سکولز کےلئے مشکلات بڑھانے کی بجائے آسانیاں پیدا کرے۔ پیف سکولز اس وقت پچیس لاکھ سے زائد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تشکیل کردہ کمیٹی مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز اور اتحادی جماعتوں کے ایم پی ایز سے ملاقات کرکے انہیں بریفنگ دے گی تاکہ وہ اسمبلی کے فلور پر پیف پارٹنرز کے حق میں بات کریں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ تمام متاثر سکولز ایم ڈی پیف اور پروگرام ڈائریکٹرز کو باقاعدہ تحریری درخواست گزاریں گے جس میں ان سے حالیہ نوٹیفکیشن کی واپسی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ شرکاء اجلاس کا کہنا تھا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایک معتبر ادارہ ہے اس کے معیار کی مثال پوری دنیا میں پیش کی جاتی ہے۔ پیف نے بہت کم وقت میں اپنے پارٹنرز سکولز کے ساتھ مل کر تعلیمی انقلاب برپا کیا ہے اب پیف منیجمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پارٹنرز سکولز کو ساتھ لے کر چلے اور کسی بھی قسم کی پالیسی تبدیلی کے فیصلہ سے قبل پیف پارٹنرز سکولز کو اعتماد میں لے تاکہ معیاری تعلیم کا یہ سفر جاری رہے۔