نان سٹاپ ڈکیتیوں کا سلسلہ جاری۔ عوام کے ساتھ پولیس اہلکار بھی ڈاکووں کے نشانے پر آ گئے۔

عوام نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے تھانوں سے ناتجربہ کار سب انسپکٹرز کو ہٹا کر قابل انسپکٹرز کو ایس ایچ او تعینات کیا جائے تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے
بہاولنگر (طاہر کریم خان سے) ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری عروج پر پہنچ گئی ہے، نان سٹاپ ڈکیتیوں کا سلسلہ جاری۔ عوام کے ساتھ پولیس اہلکار بھی ڈاکووں کے نشانے پر آ گئے۔ ڈاکو پولیس اہلکار سے 11 لاکھ سے زائد رقم 18 تولے سونا، سرکاری رائفل اور موبائل فون وغیرہ چھین کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، جہاں عوام کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی ڈاکوؤں کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں مختلف وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ریلوے اسٹیشن منچن آباد کے قریب گنیش پورہ میں چھ ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر ڈیوٹی سے گھر واپس جانے والے باوردی کانسٹیبل محمد سرور کو لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے کانسٹیبل سے سرکاری ایس ایم جی گن، موبائل فون، اور 20 ہزار روپے نقدی چھین لی۔اس دوران متعدد شہری بھی ڈاکوؤں کی واردات کا شکار بنے، جن سے 5 موبائل فون اور ہزاروں روپے نقدی لوٹ لی گئی۔اسی طرح ڈونگہ بونگہ کے علاقے میں محمد آصف نامی زمیندار کے گھرڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا۔چار مسلح ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 11 لاکھ روپے نقدی اور 18 تولے سونے کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ان وارداتوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ عوام نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے تھانوں سے ناتجربہ کار سب انسپکٹرز کو ہٹا کر قابل انسپکٹرز کو ایس ایچ او تعینات کیا جائے تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے