سی ای او ایجوکیشن کے ساتھ پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے ضلعی عہدیداران کی میٹنگ

نجی اسکولز کی رجسٹریشن، غیر رجسٹرڈ اسکولز پر جرمانے اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو اسکولز میں لانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
منڈی بہاءالدین(بیورو چیف) منڈی بہاءالدین کے مقامی ہوٹل میں سی ای او ایجوکیشن ضیاء اللہ عباسی اور پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے ضلعی عہدیداران کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نجی اسکولز کی رجسٹریشن، غیر رجسٹرڈ اسکولز پر جرمانے اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو اسکولز میں لانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بات کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاءالدین کے مقامی ہوٹل میں سی ای او ایجوکیشن ضیاء اللہ عباسی اور پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے ضلعی عہدیداران کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر اہم فیصلے کیے گئے۔ میٹنگ کے دوران سی ای او ایجوکیشن نے نجی اسکولز کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور غیر رجسٹرڈ اسکولز پر سخت جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ آؤٹ آف اسکول بچوں کو اسکولز میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی اور اس حوالے سے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی شمولیت پر زور دیا گیا۔ میٹنگ میں موسم بہار کے دوران اسکولز میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا، تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور بچوں میں قدرتی وسائل کے تحفظ کا شعور پیدا ہو۔ اختتام پر سی ای او ایجوکیشن کے اعزاز میں استقبالیہ دعوت کا اہتمام کیا گیا جس میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ میٹنگ میں سی ای او ایجوکیشن منڈی بہاءالدین جناب ضیاء اللہ عباسی، جناب رضوان اشرف شامی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز منڈی بہاءالدین سمیت پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے سابقہ مرکزی صدر محمد بشیر حطار، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی جن میں ضلعی صدر ثاقب صاحب رانجھا، ضلعی جنرل سیکرٹری غلام شبیر تارڑ، ڈویژنل نائب صدر امتیاز احمد گوندل، حسنانہ صاحب اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری محمد آصف شامل تھے۔