سندھ کے عظیم صوفی بزرگ، ہفت زبان شاعر حضرت سچل سرمست رح کا مقبرہ زبوں حالی کا شکار۔ کسی بھی وقت بڑی جانی نقصان کا خدشہ۔ شہریوں اور زائرين کی جانب سے شٹر بند ہڑتال

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ درگاہ حضرت سچل سرمست کے مقبرے کی خستہ حالی کا نوٹس لے کر لاپرواہی کرنے والے محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور درگاہ کا کام جلد از جلد شروع کروایا جائے۔ سجادہ نشین درگاہ حضرت سچل سرمست
رانی پور (ندیم شیخ سے) سندھ کے عظیم صوفی بزرگ، ہفت زبان شاعر حضرت سچل سرمست رح کا مقبرہ زبوں حالی کا شکار۔ کسی بھی وقت بڑی جانی نقصان کا خدشہ۔ شہریوں اور زائرين کی جانب سے شٹر بند ہڑتال۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے عظیم صوفی بزرگ ہفت زبان شاعر حضرت سچل سرمست رح کے مقبرہ کی عمارت محکمہ اوقاف کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ شہریوں اور سرمست جماعت کے رہنماؤں اکبر شاہانی فقیر عبدالسميع فقير عبدالفتاح اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کی بارش میں حضرت سچل سرمست رح کے مقبرے کو شدید نقصان پہنچا۔ مزار کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ مگر محکمہ اوقاف کے ذمہ داران نے مرمت کی طرف توجہ نہیں دی۔ عمارت کی خستہ حالی کی وجہ سے کسی بھی وقت بڑا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ سال حضرت سچل سرمست رح کے مقبرے کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے اسپیشل 35 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی مگر محکمہ اوقاف کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے ایک سال گزرنے کے باوجود محکمہ اوقاف نے ابھی تک پیسے ریلیز نہیں کیے اور ہی ترقیاتی منصوبوں کا ٹینڈر جاری کیا گیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کر کے جلد از جلد درگاہ حضرت سچل سرمست رح کے مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔
درگاہ حضرت سچل سرمست کے سجاده نشين خواجه عبدالحق فاروقی نے بتایا کہ 2022 کی بارش کے دوران درگاہ حضرت سچل سرمست کے مقبرے کو شدید نقصان پہنچا جس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے گزشتہ سال حضرت سچل سرمست کے عرس پر درگاہ کے مقبرے کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے فنڈز جاری کرنے کے باوجود محکمہ اوقاف کے افسران لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ درگاہ حضرت سچل سرمست کے مقبرے کی خستہ حالی کا نوٹس لے کر لاپرواہی کرنے والے محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور درگاہ کا کام جلد از جلد شروع کروایا جائے۔