یونیورسٹی آف سرگودھا میں اسلامی ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد، وائس چانسلر نے افتتاح کیا۔

سرگودھا (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف سرگودھا میں اسلامی ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد، وائس چانسلر نے افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام اسلامی ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے صدر چیمبر آف کامرس سرگودھا خواجہ یاسر قیوم اور صدر انجمن تاجران خاور ندیم کے ہمراہ فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ جبکہ اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر فرحت نسیم علوی، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وائس چانسلر نے مختلف سٹالز کا وزٹ کیا اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ طلباء کے متفرق سٹالز میں اسلامی فنون، خطاطی، تاریخی مساجد کے ماڈلز، اسلامی لباس اور قرآنی آیات پر مشتمل آرٹ ورک شامل تھا۔ طلبہ نے اسٹالز میں خاص طور پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز، اسلامی طرزِ تعمیر کے نمونے، اور اسلامی تاریخ کے اہم واقعات پر مبنی چارٹس اور پوسٹرز کے ذریعے اسلامی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ اسلامی ثقافت ہماری تہذیب کا ایک اہم ستون ہے اور اس قسم کی تقریبات نہ صرف طلباء کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں بلکہ ان میں اپنی ثقافتی جڑوں کو مضبوطی سے پکڑنے کا جذبہ بھی پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسلامی تاریخ اور اقدار کو سمجھیں اور ان سے رہنمائی حاصل کریں۔